چکوال(وقاص عزیز): اینٹی کرپشن چکوال نے سرکاری محکموں میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ کنٹریکٹر یاسین خان کی مدعیت میں ایکسین بلڈنگ چکوال عامر شاہ، سب انجینئر شاہد علوی، سب انجینئر اشتیاق اور آڈیٹر فیصل امیر سمیت محکمہ بلڈنگ چکوال کے افسران و اہلکاروں کے خلاف کنٹریکٹر سے لاکھوں روپے مبینہ رشوت وصول کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد دیگر اہلکاروں کے علاوہ کلرک شاہ نواز اور کمپیوٹر آپریٹر اسامہ کے کردار کا تعین بھی دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔
اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی تصدیق عدالتی کارروائی اور تفتیش کے بعد ہی ممکن ہوگی، جبکہ نامزد افراد کو قانون کے مطابق اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب مقدمہ میں نامزد افراد کا ادارہ ہذا کو موقف دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دوران_سروس آج تک ایک روپیہ کی کرپشن نہیں کی جبکہ یہ یک طرفہ ایف آئی آر کی گئی ہے جس میں کسی قسم کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے ،اکثر ٹھیکیدار حضرات کو من پسند ٹھیکہ نہ ملنے پر سیاسی اثر و رسوخ اور دباو استعمال کرتے ہیں اور ہم نے وہ دباو قبول نہیں کیا جس کے بعد ہمارے خلاف ایک منظم مہم کے تحت یہ کام کیا گیا ہے لیکن ہم عدالتوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور انصاف کی امید کرتے ہیں












