مکہ معاہدہ: ٹرمپ کا بیان، پاکستان کا بڑھتا قد

Lorem Ipsum is simply dummy text of the printing and typesetting industry. Lorem Ipsum has been the industry’s standard dummy text ever since the 1500s, when an unknown printer took a galley of type and scrambled it to make a type specimen book. It has survived not only five centuries, but also the leap into electronic typesetting, remaining essentially unchanged.

It was popularised in the 1960s with the release of Letraset sheets containing Lorem Ipsum passages, and more recently with desktop publishing software like Aldus PageMaker including versions of Lorem Ipsum.

Table of Content

تحریر: ریحان نصیر

عالمی سیاست میں بعض بیانات بظاہر چند سطروں پر مشتمل ہوتے ہیں، لیکن ان کے اندر آنے والے کئی برسوں کی جغرافیائی اور تزویراتی تبدیلیوں کے اشارے چھپے ہوتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے بارے میں تازہ بیان بھی کچھ ایسا ہی بیان ہے۔ ٹرمپ نے نہ صرف اس معاہدے کا خیرمقدم کیا بلکہ اسے بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے خطے کے ممالک اپنے دفاع کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں گے۔ یہ محض امریکی صدر کی طرف سے کسی سفارتی معاہدے کی رسمی تعریف نہیں۔ اس بیان کی اہمیت اس لیے کہیں زیادہ ہے کہ جس دفاعی بندوبست کو گزشتہ چند روز سے عالمی سطح پر مسلم دنیا کے بدلتے ہوئے سکیورٹی آرکیٹیکچر کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، اب دنیا کی سب سے بڑی فوجی اور معاشی طاقت کے صدر نے بھی اسے کھلے الفاظ میں تسلیم کرلیا ہے۔ مکہ میں 7 اگست کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت ایک رکن پر حملہ تینوں کے خلاف حملہ تصور کرنے کی اجتماعی دفاعی سوچ سامنے آتی ہے۔ یہاں اصل سوال یہ نہیں کہ مکہ معاہدہ کتنا بڑا ہے، بلکہ سوال یہ ہے کہ اس معاہدے نے خطے کی طاقت کے توازن میں کیا نیا اضافہ کردیا ہے؟ اس سوال کا جواب پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے۔ ایک طرف سعودی عرب ہے، جس کے پاس خلیج میں معاشی، مالی اور جغرافیائی اعتبار سے غیر معمولی وزن ہے۔ دوسری طرف ترکیہ ہے جو اپنی دفاعی صنعت، ڈرون ٹیکنالوجی اور ایک بڑی روایتی فوج کے باعث خطے کی اہم عسکری طاقت بن چکا ہے۔ اور ان دونوں کے درمیان پاکستان ہے، جو دنیا کی واحد مسلم جوہری طاقت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ایسی فوج رکھتا ہے جسے کئی دہائیوں کے جنگی تجربے، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور روایتی جنگ کی صلاحیت حاصل ہے۔ یعنی پہلی مرتبہ ایک ہی دفاعی فریم ورک میں سعودی عرب کی معاشی قوت، ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی عسکری قوت اور جوہری ڈیٹرنس ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہی وہ نکتہ ہے جس نے مکہ معاہدے کو محض تین ممالک کا دفاعی سمجھوتہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک بڑے علاقائی پیغام میں تبدیل کردیا ہے۔ اور اب ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان اس پیغام کو مزید وزن دے رہا ہے۔ یہ بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ ٹرمپ کا بیان امریکہ کی جانب سے اس معاہدے میں شامل ہونے یا کسی باقاعدہ امریکی سکیورٹی گارنٹی کا اعلان نہیں ہے۔ لیکن اس سے بھی انکار ممکن نہیں کہ امریکی صدر کا کھلے عام اس معاہدے کو بڑا، جرات مندانہ اور اہم قرار دینا اس کی سیاسی اور تزویراتی اہمیت کو عالمی سطح پر بڑھاتا ہے۔ اور شاید یہی وہ لمحہ ہے جسے نئی دہلی کو بھی انتہائی سنجیدگی سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کوئی نئی بات نہیں۔ دونوں ممالک کئی جنگیں لڑ چکے ہیں، متعدد بار سرحدی محاذ گرم ہوا اور گزشتہ برسوں میں جدید ہتھیاروں، میزائلوں اور فضائی طاقت کے میدان میں بھی مقابلہ بڑھا ہے۔ لیکن مکہ معاہدے کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان اب صرف جنوبی ایشیا کے ایک ملک کے طور پر نہیں بلکہ خلیج اور مشرق وسطیٰ کے ابھرتے ہوئے اجتماعی دفاعی نظام کے ایک اہم ستون کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ بھارت کے لیے یہ ایک آئی اوپنر ضرور ہے۔ اس لیے نہیں کہ پاکستان کو کسی نئے جنگی راستے پر ڈال دیا گیا ہے، بلکہ اس لیے کہ پاکستان کے تزویراتی تعلقات اب ایک خاص جغرافیے تک محدود نہیں رہے۔ اسلام آباد کے دفاعی تعلقات ریاض اور انقرہ کے ساتھ پہلے بھی موجود تھے، لیکن مکہ معاہدہ ان تعلقات کو ایک باقاعدہ کثیرالجہتی دفاعی فریم ورک میں لے آیا ہے۔ معاہدے میں مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی تعاون، ٹیکنالوجی، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر، مصنوعی ذہانت اور دفاعی پیداوار جیسے شعبوں میں تعاون کی سمت بھی دکھائی گئی ہے۔ یہاں ایک اور بڑی تبدیلی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ گزشتہ برسوں میں خلیجی ریاستوں کی سلامتی کا بنیادی انحصار بڑی حد تک امریکی سکیورٹی چھتری پر رہا ہے۔ امریکہ کے پاس خطے میں فوجی اڈے، بحری طاقت اور فضائی قوت موجود رہی ہے اور واشنگٹن نے طویل عرصے تک خلیجی اتحادیوں کو یہ یقین دلایا کہ ان کی سلامتی امریکی ترجیحات میں شامل ہے۔ مگر ایران کے ساتھ حالیہ جنگ نے اس پورے تصور کو نئے سوالات کے سامنے کھڑا کردیا ہے۔ جب میزائل خطے کے مختلف مقامات تک پہنچ سکتے ہوں، ڈرون جنگ کی نوعیت بدل چکے ہوں، آبنائے ہرمز عالمی معیشت کے لیے خطرے کا مرکز بن جائے اور ایک بڑے تنازعے کے اثرات پورے خلیج کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہوں تو صرف بیرونی طاقت پر انحصار کی حکمت عملی کافی نہیں رہتی۔ موجودہ بحران میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی علاقائی کشیدگی نے بھی خلیجی ریاستوں کے سامنے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو زیادہ منظم اور باہمی بنانے کی ضرورت کو نمایاں کیا ہے۔ یہی وہ پس منظر ہے جس میں مکہ معاہدے کو دیکھنا چاہیے۔ ممکن ہے کہ سعودی عرب نے محسوس کیا ہو کہ اسے اپنی سلامتی کے لیے صرف واشنگٹن کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے خطے کے طاقتور شراکت داروں کے ساتھ بھی ایک ایسا دفاعی نظام بنانا چاہیے جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر متحرک ہوسکے۔ ترکیہ نے اپنی بڑھتی ہوئی دفاعی صنعت اور علاقائی اثرورسوخ کے ذریعے اس خلا کو پُر کرنے کی صلاحیت دکھائی ہے، جبکہ پاکستان کے پاس وہ عسکری تجربہ اور تزویراتی وزن ہے جو اس پورے بندوبست کو ایک الگ نوعیت کی طاقت فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کے لیے یہاں سب سے اہم کامیابی صرف دفاعی نہیں بلکہ سفارتی بھی ہے۔ ایک عرصے تک پاکستان کو عالمی سیاست میں زیادہ تر جنوبی ایشیا، افغانستان، بھارت یا چین کے تناظر میں دیکھا جاتا رہا۔ آج صورت حال مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دفاعی شراکت دار ہے، ترکیہ کے ساتھ گہرے تزویراتی تعلقات رکھتا ہے، امریکہ کے ساتھ بھی اس کے رابطے برقرار ہیں اور ایران و خلیج کے بحران میں اسلام آباد نے سفارتی کردار ادا کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ وہ اپنے خلیجی دفاعی وعدوں کو پورا کرے گا، جبکہ ساتھ ہی علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کی ضرورت پر بھی زور دیتا رہا ہے۔ یہ توازن آسان نہیں، مگر اگر پاکستان اسے کامیابی سے برقرار رکھتا ہے تو یہی اس کی سب سے بڑی سفارتی طاقت بن سکتا ہے۔ اور ٹرمپ کا حالیہ بیان اسی پہلو سے بھی اہم ہے۔ ایک طرف امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دوبارہ عملی رابطوں کے آثار نمایاں ہوئے ہیں، دوسری طرف واشنگٹن اب ایک ایسے علاقائی دفاعی بندوبست کو کھلے دل سے سراہتا دکھائی دے رہا ہے جس کا ایک اہم ستون پاکستان ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان نے اپنی سفارتی جگہ صرف ایک کیمپ میں کھڑے ہوکر نہیں بلکہ متعدد طاقتوں کے ساتھ بیک وقت تعلقات برقرار رکھتے ہوئے بنائی ہے۔ یہی پاکستان کی اصل سفارتی کامیابی ہوسکتی ہے۔ تاہم اس موقع پر جذبات سے زیادہ عقل کی ضرورت ہے۔ مکہ معاہدے کو پاکستان کے لیے کوئی جادوئی ڈھال سمجھنا بھی درست نہیں۔ کسی بھی دفاعی معاہدے کی اصل طاقت اس کے کاغذ پر لکھے الفاظ سے زیادہ اس کی عملی تیاری، مشترکہ کمانڈ، انٹیلی جنس شیئرنگ، دفاعی ٹیکنالوجی، فوجی مشقوں اور سیاسی عزم میں ہوتی ہے۔ لیکن اس حقیقت کے باوجود مکہ معاہدے کا سیاسی پیغام بہت واضح ہے: مسلم دنیا کی چند اہم طاقتیں اب اپنی سلامتی کے معاملات میں زیادہ خود انحصاری چاہتی ہیں۔ اور شاید یہی وہ تبدیلی ہے جسے دنیا کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مکہ معاہدہ امریکہ کے خلاف اعلان جنگ نہیں، نہ ہی اسے کسی خاص ملک کے خلاف جارحانہ اتحاد قرار دینا درست ہوگا۔ اس کے دستخط کنندگان خود اسے دفاعی نوعیت کا معاہدہ قرار دے رہے ہیں۔ مگر دفاعی اتحاد بھی طاقت کے توازن کو تبدیل کرتے ہیں، کیونکہ جب کسی ممکنہ مخالف کو معلوم ہو کہ ایک ملک کے خلاف کارروائی کا جواب تین ممالک کے اجتماعی ردعمل کی صورت میں آسکتا ہے تو جنگ کا حساب بدل جاتا ہے۔ پاکستان کے لیے اس معاہدے کی اصل اہمیت بھی یہی ہے۔ اسلام آباد اب اس نئی علاقائی بساط پر صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ ایک اہم stakeholder بن کر سامنے آیا ہے۔ سعودی عرب کی دولت، ترکیہ کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی عسکری قوت اگر واقعی مربوط انداز میں استعمال ہوتی ہے تو خلیج سے جنوبی ایشیا تک ایک نئی دفاعی حقیقت تشکیل پاسکتی ہے۔ اور اس پوری کہانی میں ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان ایک اہم تاریخی جملے کے طور پر یاد رکھا جاسکتا ہے۔ کیونکہ جب ایک امریکی صدر خود کہتا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کا یہ معاہدہ خطے کے ممالک کو اپنے دفاع کے لیے زیادہ مؤثر بنائے گا، تو یہ دراصل اس بات کا اعتراف بھی ہے کہ خطے کی سلامتی کا مستقبل اب صرف واشنگٹن کے فیصلوں سے طے نہیں ہوگا۔ مکہ سے اٹھنے والی یہ آواز شاید ابھی صرف ایک پہلا قدم ہو، جیسا کہ ٹرمپ نے کہا، لیکن اگر یہ قدم مشترکہ دفاعی صنعت، انٹیلی جنس تعاون، فوجی ٹیکنالوجی، مشترکہ مشقوں اور مستقل سیاسی رابطے میں تبدیل ہوگیا تو آنے والے برسوں میں مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی سکیورٹی ڈائنامکس واقعی مختلف نظر آسکتی ہے۔ اور اس نئی تصویر میں پاکستان کی جگہ پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں دکھائی دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکہ معاہدہ صرف ریاض، انقرہ اور اسلام آباد کی خبر نہیں۔ یہ نئی عالمی طاقت کی تشکیل کی خبر ہے۔ اور ٹرمپ کا بیان اس خبر پر واشنگٹن کی مہر ضرور نہیں، لیکن کم از کم اتنا ضرور ہے کہ دنیا کی واحد سپر پاور کے صدر نے اس نئی حقیقت کو دیکھ بھی لیا ہے اور اسے سراہا بھی دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان اس بڑھتے ہوئے تزویراتی وزن کو کس قدر دانش مندی سے استعمال کرتا ہے۔ کیونکہ طاقت مل جانا ایک بات ہے، طاقت کو سفارت کاری، معیشت اور قومی مفاد کے لیے استعمال کرنا بالکل دوسری بات۔

اعلانِ دستبرداری: اس مضمون میں اظہار کیے گئے خیالات، آراء اور تجزیے مصنف کے ذاتی ہیں اور ضروری نہیں کہ ادارے، اس کی انتظامیہ یا ادارتی پالیسی ان سے متفق ہو یا ان کی تائید کرتی ہو۔

About The Author

Latest News

Click Pakistan is a professional news-based digital platform led by Editor-in-Chief Syed Tanzil Gillani, delivering credible, timely, and fact-based journalism on national affairs and current events.

© 2026 All Right Reserved. Designed and Developed by Alphabetic Solutions